• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے این ای ڈی یونیورسٹی کا طالب علم جاں بحق

فوٹو بشکریہ فیس بک/بلال
فوٹو بشکریہ فیس بک/بلال

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے این ای ڈی یونیورسٹی کا طالب علم جاں بحق ہوگیا۔ مقتول شعبہ پیٹرولیم ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوا، نوجوان بلال این ای ڈی یونیورسٹی کا طالب علم تھا، فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔

پولیس کے مطابق بلال اپنے دوستوں کے ساتھ یونیورسٹی کے قریب ہوٹل پر بیٹھا تھا، دو نامعلوم ملزمان نے بلال سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی، مزاحمت کرنے پر ملزمان نے بلال کے سینے اور پاؤں پر گولی ماری۔

پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، تلاش جاری ہے۔

مقتول بلال کے بھائی ارسلان  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی کو ایک موبائل کیلئے  مار دیا گیا۔

ارسلان کا کہنا ہے کہ ہم چار بھائی ہیں بلال سب سے چھوٹا تھا، بلال این ای ڈی سے انجینئرنگ کر رہا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یونیورسٹی روڈ پر نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس قسم کے واقعات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید