وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرائیں، شہباز شریف چین کا دورہ کر رہے تھے تو عمران خان نے دھرنے کا اعلان کیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے پھر ملک میں عدم استحکام کیلئے استعفوں کا پتہ پھینک دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مستعفی ہو رہا ہے تو شوق سے مستعفی ہو، عمران خان نے صوبائی حکومتوں کو شیلڈ بنایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پتا ہے کہ وہ پاکستان کو کس حال میں چھوڑ کر گئے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت میں آئے تو پی ٹی آئی نے کہا کہ دو ہفتے میں ملک ڈیفالٹ کرنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل فیصلے پاکستان کو بچانے کے لیے کر رہے ہیں، جب حکومت میں آئے تو کہا تھا کہ مدت پوری کریں گے، ہم نے ایک ارب ڈالر کی خطیر ادائیگی کر دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی غلط فہمی ہے کہ الیکشن جیت جائیں گے، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں عمران خان کو شکست ہوگی۔