وزیرِ صحت خیبر پختون خوا تیمور سلیم جھگڑا نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حکومت پر الزامات کی بارش کر دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نےسیلاب زدگان کی امداد کے لیے اعلان کردہ رقم نہیں دی ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ 30 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ پر بھی وفاقی حکومت نے کٹ لگا دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مشکل مالی حالات کے باوجود صوبہ چل رہا ہے، صحت عامہ کی بہتری کے لیے اسپتالوں کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔
وزیرِ صحت کے پی کے نے کہا کہ وفاقی حکومت بخار کی گولی کی قیمت کا تعین نہیں کر سکتی۔
انہوں نے صوبے کے محکمۂ صحت کے حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی خریداری کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر صحت خیبر پختون خوا تیمور جھگڑا نے مزید بتایا ہے کہ مردان میں شعبۂ صحت میں غلط بھرتیوں پر سخت کارروائی کی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی حکومت جھوٹے بیانات نہ دے، عملی طور پر مدد کے لیے آگے بڑھے۔