سابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پارلیمانی پارٹی نے آصف علی زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
دوران اجلاس آصف زرداری نے پارلیمانی پارٹی کو وزیراعظم شہباز شریف اور چوہدری شجاعت حسین سے ہونے والی ملاقاتوں پر اعتماد میں لیا۔
دوران خطاب آصف زرداری نے پنجاب اسمبلی کو بچانے کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری استحکام اور پارلیمان کی بالادستی کےلیے ہر قربانی کےلیےتیار ہیں، سیاسی نظام کی بقا کے ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو پورا کریں گے۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ آنے والا وقت انارکی اور انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی، پارلیمان کی بقا اور غریب کی فتح تک جہدوجہد جاری رکھے گی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے کہا کہ جمہوری قوتیں موجودہ حالات میں آصف زرداری کی طرف دیکھ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری ممکنات کی سیاست کے ماہر ہیں۔