بالی ووڈ فلم انڈسٹری کا بہت چرچا ہے لیکن بھارت کے سب سے امیر فلم ساز کا تعلق ممبئی کی فلمی دنیا سے نہیں ہے۔ ان کی 26 ہزار کروڑ روپے کی دولت بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان، کرن جوہر اور ادیتیا چوپڑا کی مجموعی دولت سے بھی زیادہ ہے۔
تامل فلم انڈسٹری کو کئی بڑی بلاک بسٹر فلمیں دینے والے کلانیتھی مرن مجموعی دولت 2.8 ارب ڈالر سے زائد ہے۔
فوربس میگزین کی دنیا کے حالیہ ارب پتیوں کی سالانہ فہرست برائے 2026 میں تقریباً 4000 امیر اور بااثر افراد شامل ہیں، جن میں 300 سے زیادہ بھارتی ہیں۔
انہی میں میڈیا ٹائیکون کلانیتھی مرن شامل ہیں جنھیں لگاتار چوتھے سال بھارت کا سب سے امیر فلم ساز قرار دیا گیا ہے۔ ان کی اہلیہ کاویری مرن سن ٹی وی نیٹ ورک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر، جبکہ ان کی بیٹی کاویہ مرن ان کی تینوں کرکٹ فرنچائزز کی سی ای او ہیں۔
کلانیتھی مرن کی دولت کا ایک بڑا حصہ ان کے پروڈکشن ہاؤس سن پکچرز سے آتا ہے جو کئی کامیاب تامل فلمیں بنا چکی ہے اور بڑی پروڈکشن کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔ ان کی آنے والی فلموں میں دو بڑی فلمیں بھی شامل ہیں، جن میں رجنی کانت اور الو ارجن کی فلمیں اور ایٹلی کے ساتھ ایک نیا پروجیکٹ شامل ہے۔
کلانیتھی مارن نے 1.6 ارب ڈالر دولت کے مالک بھارت کے دوسرے امیر فلم ساز رونی اسکریو والا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان کے والد بھارت کے سابق یونین مسنٹر موراسولی مرن تھے۔ کلانیتھی مرن نے 1980 کی دہائی میں اپنے خاندان کے ایک چھوٹے پبلشنگ کاروبار کو سنبھال کر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
1993 میں انہوں نے سن ٹی وی نیٹ ورک قائم کیا، جسے فوربز کے مطابق ایک بڑا علاقائی ٹی وی نیٹ ورک کہا جاتا ہے، جس کے 37 چینلز ہیں جو 14 کروڑ سے زیادہ گھروں تک پہنچتا ہے۔
ان کے دیگر کاروباری منصوبوں میں اخبارات، ریڈیو اسٹیشنز اور ڈائریکٹ ٹو ہوم ٹیلی ویژن سروسز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ تین کرکٹ فرنچائز ٹیموں کے مالک بھی ہیں۔ جن میں سن رائزرز حیدر آباد (آئی پی ایل)، سن رائزرز ایسٹرن کیپ (ایس اے ٹی ٹوئنٹی لیگ) اور سن رائزرز لیڈز (دی ہنڈریڈ) شامل ہیں۔