• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارڈر سیکیورٹی صوبائی ذمے داری ہے یا وفاق کی؟ خیبرپختونخوا کے وزرا کا استفسار

خیبرپختونخوا کے صوبائی وزرا نے استفسار کیا ہے کہ بارڈر کی سیکیورٹی صوبائی ذمے داری ہے یا وفاقی حکومت کی؟

پشاور میں صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور مشیر داخلہ بابر سلیم سواتی نے پریس کانفرنس کی۔

تیمور سلیم جھگڑا نے سوال اٹھایا کہ رجیم چینج کے بعد ہونے والے سیکیورٹی واقعات کی ذمے دار خیبر پختونخوا حکومت ہے یا وفاق؟

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا نے پریس کانفرنس میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا کو ناکام ادارہ قرار دیا۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس واحد فورس ہے، جس میں خاطرخواہ اصلاحات ہوئی ہیں، وفاق کی تنقید کی وجہ صرف اصل بات سے توجہ ہٹانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کا بجٹ ایک اعشاریہ 5 ارب سے بڑھا کر 2 اعشاریہ 9 ارب روپے کیا گیا ہے۔

مشیر داخلہ بابر سلیم سواتی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پورے پاکستان کےلیے بفر زون کا کردار ادا کررہا ہے، جسے چوکیدار پولیس کہا جاتا تھا، وہ آج دہشت گردوں سے مقابلہ کر رہی ہے۔

کامران بنگش نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس مکمل چوکس اور چوکنا ہے، وفاقی وزرا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کےلیے پریس کانفرنس کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید