• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن سے سیاسی جماعتوں کی اسکروٹنی کی رپورٹ طلب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے سیاسی جماعتوں کی اسکروٹنی سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے پارٹی فنڈز کی الیکشن کمیشن سے جلد تحقیقات کرانے کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔

پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی الیکشن کمیشن سے جلد تحقیقات کی درخواست پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے دائر کی ہے۔

پٹیشنر کی جانب سے بیرسٹر انور منصور خان نے عدالت میں پیش ہو کر کہا کہ الیکشن کمیشن نے صرف پی آٹی آئی کی اسکروٹنی مکمل کی، دیگر سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی زیرا لتوا ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ آپ کی یہی استدعا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کی اسکروٹنی بھی جلد ہو؟

پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے کہا کہ ہماری اس سے کچھ بڑھ کر استدعا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ چیزوں کو جتنا سادہ رکھیں گے اتنا بہتر ہو گا۔

وکیل انور منصور خان نے کہا کہ اس میں کوئی مختصر تاریخ دے دیں۔

عدالت کا کہنا ہے کہ سماعت فروری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیتے ہیں، آگے موسم سرما کی چھٹیاں بھی آ رہی ہیں۔

وکیل کے اصرار پر کیس کی مزید سماعت جنوری کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔

قومی خبریں سے مزید