• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حساس اضلاع میں مزید نفری اور وسائل کی فراہمی کی جائے گی، اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ سکیورٹی ادارے کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔

اجلاس میں گوادر میں دھرنے اور احتجاج سے پیدا ہونے والی صورتحال کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ حق دو تحریک کے بیشتر مطالبات پر عملدرآمد ہو چکا ہے اور کمشنر مکران ڈویژن کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے دھرنے کے شرکاء سے بار ہا مذاکرات کیے ہیں۔

مولانا ہدایت الرحمٰن کے بار بار موقف بدلنے سے مذاکرات میں تعطل پیدا ہو رہا ہے، اس موقع وزیراعلیٰ نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمٰن سے خود بھی مذاکرات کیے اور صوبائی وزراء کا وفد بھی گوادر بھیج رہے ہیں۔

 انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ گوادر اور صوبے کے وسیع تر مفاد میں مولانا ہدایت الرحمٰن بات چیت کا راستہ اپنائیں گے اور صوبائی حکومت کی یہی کوشش ہے کہ تمام معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کیا جائے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام سیکیورٹی اداروں میں کوآرڈینیشن قائم کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید