وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہمارا ایمان اور یقین مضبوط ہوتا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریہ درست تھا اور ہمیشہ درست رہے گا۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں اڑان پاکستان کی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں نوجوانوں نے ملی نغمے پیش کیے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نے ایک خاتون کا نقاب نہیں کھینچا بلکہ تمام مسلمان خواتین کا نقاب کھینچا اور ان کی عزت اور وقار کو مجروح کرنے کی کوشش کی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ایسے واقعات دو قومی نظریے کو مزید تقویت دیتے ہیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ ایمان اور یقین مضبوط ہوتا ہے قائد اعظم کا دو قومی نظریہ درست تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کو اہمیت دیتی ہے، پاکستان کی فوجی طاقت کو مانتی ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا قیام قائد اعظم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، قائداعظم نے ایک آزاد خودمختار ریاست کی بنیاد رکھی، آج کا دن اس جذبے کی تجدید کا دن ہے کہ ہمیں قائداعظم کے اصولوں کو زندہ رکھنا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کی خود مختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا، پاکستان کی تعمیر نو کرنی ہے، 78 سال میں ہماری کامیابیاں بھی ملی ہیں اور ناکامیاں بھی، کامیابیوں سے ملک میں اعتماد پیدا کرنا ہے، ناکامیوں کو چیلنج سمجھنا ہے، پاکستان میں ہر شہری کو برابر کے حقوق قومی ذمہ داری ہے۔