• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک نیوزی لینڈ ملتان ٹیسٹ کراچی منتقل، سیریز کے تمام میچ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونگے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان میں دھند اور سخت سردی کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کادوسرا ٹیسٹ بھی کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔اس طرح اب سیریز کے تمام میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوں گے کرکٹ نیوزی لینڈ سے رابطہ کرکے اور اعتماد میں لینے کے بعد ہفتے کو تبدیلی کا اعلان کیا گیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول میں دوسری بار تبدیلی کی گئی ہے۔پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں تین کے بجائے دو دن کا گیپ رکھا گیا ہے۔اسی طرح ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کے درمیان دو دن کا گیپ ہے۔مہمان ٹیم 13جنوری کو وطن واپس روانہ ہوگی۔پیر سے پہلا ٹیسٹ شروع ہورہا ہے جوجمعے کو ختم ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ نے موسم کی خرابی کی وجہ سے ملتان میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ کراچی منتقل کرنے پر باہمی اتفاق کیا ہے۔کراچی میں پہلا ٹیسٹ پیر سے شروع ہورہاہے۔ دوسرا ٹیسٹ 2 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی ہی میں شروع ہوگا جبکہ تین آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے میچز 9,11,13جنوری کو کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ون ڈے میچز 10، 12 اور 14 جنوری کو ہونے تھے۔

اسپورٹس سے مزید