• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: قتل کیا گیا حکیم اداکارہ سلومی کا بھائی نکلا

22 دسمبر کی شام اداکارہ سلومی کے حکیم بھائی کو قتل کر دیا گیا
22 دسمبر کی شام اداکارہ سلومی کے حکیم بھائی کو قتل کر دیا گیا

کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں گرو مندر چوک کے قریب مطب میں قتل کیا گیا حکیم پاکستانی اداکارہ سلومی کا بھائی نکلا۔

اداکارہ سلومی کے مطابق ان کے بھائی کو واردات کے دوران ڈاکوؤں نے قتل کیا جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ چند سیکنڈز میں ہوئی واردات کسی تنازع کا شاخسانہ لگتی ہے۔

اداکارہ سلومی کی جانب سے میڈیا پر بیان سامنے آیا ہے کہ ان کے بھائی عبدالوحید ہربل جڑی بوٹیوں کا کام کرتے تھے، جنہیں ملزمان نے دکان میں گھس کر مزاحمت پر قتل کیا۔

اداکارہ کے بیان کے مطابق ان کی یا بھائی کی کسی سے دشمنی نہیں جبکہ پولیس واقعے کو دشمنی قرار دے رہی ہے۔

اداکارہ سلومی کا کہنا ہے کہ کل بھائی کے سوئم کے بعد وہ بھرپور قانونی کارروائی کریں گی۔

پولیس کے مطابق جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں گرومندر چوک ایدھی سینٹر کے قریب واقع النور دوا خانے پر 22 دسمبر کی شام ساڑھے 7 بجے واردات ہوئی تھی۔

وقوعے کے وقت جڑی بوٹی کا کام کرنے والے 55 سالہ عبدالوحید کو ان کی دکان میں گھس کر گولی مار دی گئی تھی۔

کلینک کے ملازم احمد کے مطابق 2 لڑکے حکیم کے مطب پر آئے اور کیش کاؤنٹر پر موجود مقتول سے گن پوائنٹ پر رقم مانگی جس پر احمد نے ملزمان پر برنی کھینچ کر ماری اور مقتول نے ایک ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے کیش کاؤنٹر پر موجود عبدالوحید کو گولی مار دی، مطب پر موجود حکیم نور محمد واقعے میں محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دکان کے اندر سے کوئی چیز چھینی یا لوٹی نہیں گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان 3 سے 4 سیکنڈز میں واردات کر کے دکان سے چلے گئے تھے۔

آس پاس کے عینی شاہدین نے تصدیق کی ہے کہ متوفی یا اس کی دکان سے کچھ بھی لوٹا نہیں گیا، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا تھا۔

واقعے کا مقدمہ دواخانے کے مالک اور مقتول عبدالوحید کے بھائی توحید عزیز ہاشمی نے نامعلوم ملزم کے خلاف جمشید کوارٹر تھانے میں درج کرایا ہے۔

مدعی کے مطابق فائرنگ کرنے والے دبلے پتلے نامعلوم ملزم نے پینٹ شرٹ پہن رکھی تھی۔

قومی خبریں سے مزید