• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اللّٰہ تعالیٰ میرے بھائی، قائد کو عمر خضر عطا فرمائے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کا پیغام جاری کیا اور ان کی لمبی عمر کے لیے دعا کی۔

لاہور سے جاری بیان میں شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف کو یوم پیدائش پر مبارکباد دی اور کہا کہ آج کے دن مجھ سمیت نواز شریف کے کروڑوں چاہنے والے اُن کے لیے ڈھیروں دعائیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فخر ہے محمد نواز شریف کا چھوٹا بھائی اور ان کا کارکن ہوں، نواز شریف کی زندگی پاکستان سے والہانہ محبت اور خیرخواہی سے عبارت ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ نواز شریف نہایت حساس اور نرم دِل، دور اندیشی اور فہم اور دانائی جیسی خوبیوں کے مالک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع اور معاشی ترقی، عوامی فلاح اور بہبود، عالمی سطح پر عزت اور وقار بڑھانے کے لیے کام کیا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف وعدے وفا کرتا ہے، ان کے سیاسی جمہوری اور عوامی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ میرے بھائی اور پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کو عمر خضر عطا فرمائے اور ہمارے سروں پر ان کا سایہ قائم و دائم رکھے، آمین۔

قومی خبریں سے مزید