لاہور ہائی کورٹ نے تھیٹر رات ساڑھے 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسر تھیٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ تھیٹر رات ساڑھے 9 سے ساڑھے 11 بجے تک کھلا رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔
لاہور ہائی کورٹ نے رات 10 بجے کے بعد کھلنے والے تھیٹرز کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس معطل کرنے کا بھی حکم دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسموگ کے تدارک کے لیے سب اقدامات کر رہے ہیں، بڑوں اور بچوں کا معاملہ ہے، سب کچھ شہریوں کے لیے کر رہے ہیں، اسموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے شہری بھی اپنا لائف اسٹائل بدلیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا کہ تھیٹرز رات 10 بجے بند کر دیے جائیں۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے کمرشل ایریاز بند کرنے کا حکم دیا تھا۔
جسٹس شاہد کریم نے لاء افسر سے مخاطب ہو کہا کہ آپ نے تھیٹر بھی بند کروانے شروع کر دیے؟
لاہور ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 30 دسمبر تک ملتوی کر دی۔