نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔
بابر اعظم، فخر زمان، حارث رؤف، کامران غلام، حارث سہیل اور امام الحق کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
محمد حسنین، محمد نواز اور محمد رضوان کو بھی پاکستان ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
وسیم جونیئر، نسیم شاہ، آغا سلمان، شاہنواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر اور اسامہ میر بھی پاکستانی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
شاہد آفریدی نے بتایا کہ شاداب خان انگلی کی انجری کا شکار ہیں، وہ پہلے تو ون ڈے سیریز کھیلنے کے خواہشمند تھے۔
عبوری چیف سلیکٹر نے بتایا کہ شاداب خان کو کہا گیا کہ پہلے بولنگ کرائیں پھر بتائیں کہ کیسا محسوس کر رہے ہیں جس کے بعد شاداب نے بتایا کہ انہیں انگلی میں تکلیف ہے اس لیے ان کو آرام دیا جارہا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ کپتان اور سلیکٹرز ایک پیج پر ہیں، ہماری ذمہ داری اپنی ہے، کپتان اپنی ذمہ داری نبھاتا ہے۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ بابر اعظم جتنا بڑا کھلاڑی ہے اس کو اتنا ہی اچھا کپتان دیکھنا چاہتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ ایسی کرسی ہے کہ اکثر لوگ ناراض ہوں گے، یہ انصاف کی جگہ ہے، سب کو خوش نہیں کرسکتا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کی پرفارمنس بہت اہمیت رکھتی ہے، سلیکشن کمیٹی نے تمام مشاورت مکمل کرلی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے میچز 9، 11 اور 13 جنوری کو کراچی میں شیڈول ہیں۔