• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب ضرورت ہوئی وزیر اعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ لیں گے، اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ اعتماد کا ووٹ ضرور لیں، اپنی مرضی کے دن لیں گے، اپوزیشن کے کہنے پر نہیں، جب ضرورت ہوئی وزیر اعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ لیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب اپوزیشن کے کہنے پر ووٹ نہیں لیں گے۔ پنجاب اسمبلی میں ہم نے عددی اکثریت دکھائی۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ایوان میں آج تعلیم پر بات ہونا تھی، ن لیگ کے ارکان شور کر رہے تھے، ن لیگ کے ممبران اسمبلی میں کاغذ کے جہاز اڑاتے ہوئے نظر آئے، فوری طور پر ملک کو نئے مینڈیٹ کی طرف لے جایا جائے۔

اسد عمر نے کہا کہ ملک میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں، آٹے کی قیمت آسمان پر ہے، اسحاق ڈار کہتے ہیں لوگوں کے اکاؤنٹس میں رکھے ڈالر بھی حکومت کے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ مراد علی شاہ نے کہا کہ 4 ہزار روپے من میں گندم خریدیں گے، مراد علی شاہ کے بیان کے بعد لوگوں نے گندم کی اسٹاک شروع کر دی، گندم اور آٹے کا بحران انہی لوگوں کا پیدا کیا ہوا ہے، گندم کا بحران پی ڈی ایم کا اپنا پیدا کردہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق اس بحران پر قابو پانے میں بری طرح ناکام رہا ہے، وفاق کی ساری توانائیاں جھوٹے مقدمات قائم کرنے کیلئے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ ملکی مسائل کا واحد حل نئے الیکشن ہیں، عمران خان، پی ٹی آئی کےخلاف جانا کسی بھی سیاسی جماعت کیلئے سیاسی موت سے کم نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ انتظار کر رہے ہیں کہ اتنا بڑا وفد جنیوا سے کیا لے کر آتا ہے؟

قومی خبریں سے مزید