بالی ووڈ کے معروف مزاحیہ اداکار جونی لیور جو 1990 کے عشرے میں سال میں کم از کم ایک درجن فلموں میں کام کیا کرتے تھے، تاہم اب گزشتہ چند برسوں سے انہیں بہت کم کام مل رہا ہے اور ان کی فلموں کی تعداد نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔
حالیہ سالوں کے دوران وہ صرف ایک دو فلموں میں ہی نظر آئے۔ جنوبی بھارتی ریاست آندھر پردیش سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ اداکار اکثر و بیشتر ہندی سنیما میں صرف مزاحیہ اداکاری کرتے ہیں۔
اس حوالے سے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا ہے کہ ایک تو کامیڈی فلمیں بہت کم ہی بنتی ہیں اور دوسری بات کہ بڑے اداکار فلموں میں ان کی موجودگی سے گھبراتے اور خدشات کا شکار رہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اداکار فلموں کی فائنل ایڈیٹنگ کے دوران انکا کردار کٹوادیتے ہیں، اس کی وجہ ان کا وہ عدم تحفظ ہے جس کے مطابق وہ سمجھتے ہیں کہ فلم بین زیادہ میری جانب متوجہ ہوں گے۔
جونی لیور نے کہا کہ یہ اداکار فلم لکھنے والوں کو کہتے ہیں مزاح پر مبنی سین بھی وہ خود کریں گے۔ اس کی وجہ سے میرا کام کم سے کم ہوتا چلاگیا۔
یاد رہے کہ جونی لیور گزشتہ برس گجراتی فلم جیسوک زڈپایو اور روہیت شیٹی فیملی اینٹرٹینمنٹ میں نظر آئے تاہم یہ دونوں پروجیکٹ زیادہ کامیاب نہیں رہے۔
1975 سے بالی ووڈ نگری میں موجود جونی لیور 300 سے زیادہ ہندی فلموں میں کام کرچکے ہیں اور ان کے بچے (ایک بیٹا اور بیٹی) بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلمی دنیا سے وابستہ ہیں اور 2019 میں انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ فلم ’ہاؤس فل ٹو‘ میں کام کیا تھا۔