• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی اجلاس کی کارروائی آئین کے خلاف ہے، رانا ثناء اللّٰہ

اسکرین گریب
اسکرین گریب

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی اجلاس کی کارروائی آئین کے خلاف اور غیرقانونی ہے اسے تسلیم نہیں کرتے۔

لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ آج کے اجلاس کی کارروائی میں جھوٹ بولا گیا، اسپیکر نے کہا تھا آج اعتماد کا ووٹ نہیں لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رات 12 بجے کے بعد دوسرا ایجنڈا جاری کیا گیا، اسپیکر نے الیکشن کے تقاضے پورے نہیں کیے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ جو بھی نمبر بتائیں گے اسے کوئی تسلیم نہیں کرے گا، یہ اعتماد کے ووٹ کا جو نمبر شو کریں گے وہ جعلی ہوگا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی نے ناراض ارکان کو حلف دیا کہ وہ اسمبلی نہیں توڑیں گے، ہم پر ارکان کو خریدنے کا الزام بے ہودہ تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ غیرحاضر ارکان کی ٹریول ہسٹری عدالت میں پیش کریں گے۔

اس موقع پر ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے پنجاب اسمبلی رولز کو بلڈوز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے میرے نکتہ اعتراض کو مسترد کیا، ان کے پاس مطلوبہ تعداد ہوتی تو یہ ایسا نہ کرتے۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ پولنگ ایجنٹ مقرر نہ کیا جانا بدنیتی ہے، دھاندلی کرنے کیلئے پولنگ ایجنٹ مقرر نہیں کیے گئے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ عدالتی کارروائی میں ثابت کریں گے کہ ان کے پاس 186 ارکان نہیں تھے۔

قومی خبریں سے مزید