کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بھارت میں جمعے سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں عدم شرکت سے سابق اولمپئنز ، شائقین ہاکی اور کھلاڑی بہت زیاد ہ مایوس ہیں۔ سابق کپتان منظور الحسن، اصلاح الدین، حنیف خان، حسن سردار، شہباز سینئر، سابق ہیڈ کوچ خواجہ جنید، قمر ضیاء ،سلیم ناظم نے کہا کہ مسلسل دو ورلڈ کپ سے ہماری ٹیم باہر ہے، جب تک حکومتی سطح پر قومی کھیل پر توجہ نہیں دی جائے گی ہم شر مندگی سے دوچار رہیں گے۔ قومی کھیل پر توجہ نہ دی گئی تو جو کھلاڑی کھیل رہے ہیں وہ بھی ہاکی سے کنارہ کش ہوجائینگے۔دریں اثنا پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین گیمز کیلئے تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ مارچ میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکریٹری فیڈریشن سید حیدر حسین کے مطابق ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے کوالیفائی نہ کرنے کا افسوس ہے، البتہ اس کے ذمہ دار موجودہ عہدے دار نہیں، کوشش ہے کہ ایشین گیمز میں پہلی پوزیشن کے ساتھ پہلے پیرس اولمپکس کیلئے براہ راست رسائی حاصل کریں اس کے بعد جنوری میں ایشیا کپ کو ٹارگٹ بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ کیلئے حکومت کو خط لکھ دیا ہے، پہلا مرحلہ 40روزہ ہوگا۔