پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کر لیا ہے، نگراں سیٹ اپ کے لیے قومی اسمبلی میں واپس جا سکتے ہیں۔
لاہور میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی اسمبلی رابطے میں ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ بری طرح پھنس گئے ہیں۔ رات کو اسحاق ڈار نے پیٹرول کی قیمتیں بڑھانا تھیں، لیکن نہیں بڑھائیں، اس کا مطلب ہے کہ اب آئی ایم ایف نہیں آئے گی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف کی کراچی میں ہارنے کی وجہ تنظیم کی کمزوری اور پیپلز پارٹی کی دھاندلی ہے۔ پی پی دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ باجوہ ڈاکٹرائن میں کوئی زیادہ کمی نہیں آئی۔
عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کا مستقبل تحریک انصاف کے ساتھ ہے، ق لیگ بلے کے نشان پر لڑے گی تو ان کی جیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صحافی شاہد اسلم کے حوالے سے احتجاج کرنے جا رہے ہیں۔