بھارتی شہر بنگلورو میں اسکوٹر سوار شخص نے بےحسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک 71 سالہ شخص کو سڑک پر گھسٹ کر زخمی کردیا۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس سے متعلق بتایا جارہا ہے کہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 25 سالہ ساحل نامی شخص کی اسکوٹر اور مُٹپا نامی 71 سالہ شخص کی کار میں تصادم ہوا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ اسی وقت ساحل نے اسکوٹر چلادی اور مُٹپا نے اسکوٹر پکڑنے کی کوشش کی، جس میں وہ کامیاب ہوئے اور اسکوٹر کا کیریئر پکڑ لیا، تاہم یہ جانتے ہوئے بھی کہ مُٹپا اسکوٹر پکڑے ہوئے ہیں، نوجوان یہ اسکوٹر دوڑا دی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص اسکوٹر کے ساتھ ہی گھسٹتے ہوئے جارہے ہیں جس کے بعد سڑک پر رکشہ اور دیگر گاڑی والوں نے اس اسکوٹر سوار کو روکا۔
مقامی پولیس کے مطابق اس اسکوٹر سوار کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ بزرگ شہری کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
مُٹپا کا کہنا ہے کہ ’اسے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، اس طرح لاپرواہی سے اسکوٹر چلانا درست نہیں۔ میں بس چاہتا ہوں کہ یہ نوجوان پھر کسی کے ساتھ ایسا نہ کرے۔‘