اسلام آباد(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اس وقت وزیراعظم جلا وطن ہیں جبکہ ملک انٹرنیٹ پر چل رہا ہے۔ اس مرتبہ چھوٹی عید اور بڑی عید کے درمیان عوامی عید ہوگی، لیکن کوئی ڈیڈلائن اس کیلیے نہیں دے سکتا، کیونکہ اس دوران کوئی حادثہ بھی ہوسکتا ہے۔ اگر عمران خان باہر نہیں نکلے تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی،عمران خان سے نہیں لیکن ان کی جماعت کی کارکردگی کی وجہ سے کچھ اختلافات ہیں۔ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں فوج فیصلے کرنے والی ہے، لیکن سیاستدانوں کی وجہ سے وہ کوئی واضح فیصلہ نہیں کر پا رہی۔انھوں نے موجودہ حالات میں سب سے بڑا مسئلہ قیادت کے فقدان کو قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ ملک میں فیصلے کون کر رہا ہے اور حال ہی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ہونے والے ملاقات میں فوج نے حکومت سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔انھوں نے نواز شریف کی بیماری کو اداکاری قرار دیا اور کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسا مریض نہیں دیکھا جو اوپن ہارٹ سرجری کے فورا بعد خود سے سیڑھیاں اتر کر نیچے آئے۔پاناما لیکس میں ہونے والے انکشافات کے بعد موجودہ بحران پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کو صرف سڑکوں پر آکر ہی حل کیا جاسکتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ پہلے سے معلوم تھا کہ ٹی او آرز پر بننے والی کمیٹی بے نتیجہ رہے گی، کیونکہ ابھی تک دونوں طرف ڈیڈ لاک برقرار ہے۔