• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک 50 ہزار ارب کا مقروض ہے، ہر برس 20 ارب ڈالر دینے ہیں، مفتاح اسماعیل

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ روزگار صرف بلوچستان کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔

کوئٹہ میں پاکستان کے تصور نو پر قومی ڈائیلاگ سے خطاب میں مفتاح اسماعیل نےسوال کیا کہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ وہ پاکستان کیسے بنائیں جو سب کےلیے اچھا ہو؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اچھا بنانا ہے تو یہ کام ہمیں ہی کرنا ہے، ملک اس وقت 50 ہزار ارب روپے کا مقروض ہے، ہمیں ہر برس 20 ارب ڈالر دینے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پچھلے سال عمران خان 18 ارب کا خسارہ چھوڑ کر گئے تھے، ملک میں 8 کروڑ افراد غربت میں رہ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عزت دار قوم بننے کےلیے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا پڑے گا، ہر پاکستانی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم 2 ہزار ارب روپے سے زائد تعلیم پر خرچ کرتے ہیں، ہمیں اسکولوں کا نظام بہتر کرنا ہوگا، ہمیں یہ تصور کرنا ہے کہ پاکستان میں بچوں کو اچھی تعلیم حاصل ہو۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں 15سے 50 سال کی 42 فیصدخواتین میں آئرن کی کمی ہوتی ہے، روزگار صرف بلوچستان نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، ہمیں سب پاکستانیوں کو روزگار دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے اس سال بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ میں 400 ارب روپے ملیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ ایسی کیا وجہ ہے لوگ غریب ہیں، یہ دیکھنا ہے ہم کس روش پر جارہے ہیں، 60 فیصد پاکستانی ایسے ہیں جن کی آمدنی 35 ہزار روپے سے کم ہے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہر پاکستانی کی آمدنی بڑھانا ہے، ہم ایسا کیوں نہیں کرتے کہ لوگوں کا اچھا معاش ہو، ہمیں یہ تصور کرنا ہے کہ ہر شخص کی آمدنی 1 لاکھ روپے ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک زرعی ملک ہے، غلطی کسان کی نہیں بلکہ پالیسی سازوں کی ہے، یہ کیوں نہیں سوچتے کہ ملک میں صحت کے تمام مواقع اور سہولیات ہوں، ہم ملک میں ہم آہنگی اور محبت کو بڑھا سکتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید