پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ 2 صوبوں کے انتخابی شیڈول کے ساتھ ہی نواز شریف کی واپسی کا اعلان ہوگا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران جاید لطیف نے کہا کہ ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں، ایسا کچھ نہیں کرنا کہ الیکشن آگے چلے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے قوم اور ریاست کے لیے 3 مرتبہ قربانیاں دیں جو اب رائیگاں جارہی ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جب آئین اور قانون سے بالا فیصلے ہوئے تو ہم نے ان لوگوں کا نام لینا شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ادارہ خود کو غیر سیاسی رہنے کا کہہ چکا ہے تو باقی کو بھی غیر سیاسی نظر آنا چاہیے۔
میاں جاوید لطیف نے یہ بھی کہا کہ دو ادارے اب بھی عمران خان کی سہولت کاری کر رہے ہیں، ان کی سر پرستی ختم ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پوچھتا ہوں ملک کو ایٹمی قوت کا حامل بنانے والے نواز شریف کو سزا کیوں دی گئی؟
ن لیگی رہنما نے کہا کہ جس دن 2 صوبوں کے انتخابی شیڈیول کا اعلان ہوگا نواز شریف بھی واپسی کا اعلان کردیں گے۔