پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے فواد چوہدری کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا پاکستان کے ساتھ کھلواڑ بند کیا جائے، ورنہ حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فواد چوہدری کی علی الصبح بغیر وارنٹ گرفتاری اس ملک کی جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر ایک زوردار طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا قصور ہے فواد کا؟ کس جرم کے تحت اٹھایا گیا؟
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو لاہور سے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے، انہیں اسلام آباد لے جایا جائے گا۔
فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ گزشتہ رات تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا ہے، ان پر مقدمہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں تحریر ہے کہ فواد چوہدری نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کی حیثیت ایک منشی کی ہوگئی ہے، جو لوگ نگراں حکومت میں لگ رہے ہیں ان کا سزا ہونے تک پیچھا کریں گے۔