پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری کو جہلم سے گرفتار کر لیا گیا۔
فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف جہلم کے جی ٹی روڈ پر پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے کارکنان نے اس موقع پر احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلائے اور جی ٹی روڈ کو بند کر دیا۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف اور اپنے قائدین کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔
پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے فواد چوہدری کے بھائی، پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکریٹری فراز چوہدری کو بھی احتجاج کے دوران گرفتار کیا۔
گرفتاریوں کے باوجود پی ٹی آئی کے قائدین نے جی ٹی روڈ کھولنے سے انکار کر دیا۔
تحریکِ انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری کو جہلم سے گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔