وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمٰن الثانی نے ملاقات کی ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران قطر کے سفیر نے وزیراعظم کو امیر قطر کا نیک خواہشات کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم نے کامیاب ترین فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی پر قطر کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے ورلڈ کپ کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو سراہا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر دونوں ملکوں کے تعلقات کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کےلیے کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔