• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی بندش، چنیسر گوٹھ کے مکینوں کا کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن پر دھاوا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی کے علاقے محمود آباد اور اطراف کی آبادیوں میں بجلی کی بندش کے خلاف کالا پُل پر احتجاج کرنے والے مکینوں نے رات گئے کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن پر پتھراؤ کر کے دھاوا بول دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق کچھ علاقوں کی بجلی بحال ہونے پر کالا پُل سے مظاہرین منتشر ہوگئے تاہم چنیسر گوٹھ میں بجلی کی عدم فراہمی پر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ 200 سے 250 کے قریب افراد محمود آباد گرڈ اسٹیشن میں گھس گئے۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کے ذمہ دار افسران نہ ہونے کی وجہ سے انہیں فون پر طلب کر کے مذاکرات کے لیے کہا جاتا رہا۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک حکام نے اپنے عملے کو گرڈ اسٹیشن جانے سے منع کردیا۔

اس دوران 2 گھنٹے تک مشتعل افراد گرڈ اسٹیشن میں موجود رہے جنہوں نے کنٹرول روم میں جا کر بجلی ازخود بحال کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے۔

اس موقع پر سندھ رینجرز اور پولیس بھی موقع پر موجود رہی۔

بعد ازاں رینجرز اور پولیس حکام نے مذاکرات کر کے چنیسر گوٹھ کی بجلی بحال کرائی جس پر تمام افراد پُرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

قومی خبریں سے مزید