• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خزانہ کہتا ہے پاکستان کا خدا ہی حافظ ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہہ چکے ہیں پاکستان کا خدا ہی حافظ ہے، ایک شہزادی آج لندن سے آئی ہے۔

بہاولپور میں جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ 75 برسوں کا آخری نتیجہ یہ ہی ہے کہ 8 کروڑ پاکستانی غربت کا شکار ہیں، سوا 2 کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک امریکا کی غلامی کی وجہ سے ہماری معیشت تباہ ہوئی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتا ہے کہ پاکستان کا خدا ہی حافظ ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ سودی نظام کی وجہ سے غربت، مہنگائی میں اضافہ ہوا، آج انصاف نہیں ملتا تو پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی ذمے دار ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ملک کی تینوں بڑی پارٹیوں نے پاکستان کو تباہ کیا، 5 دریاؤں کے باوجود بھی یہاں لوڈشیڈنگ ہے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ نا اہل، نالائق حکمرانی کی وجہ سے عوام سانس نہیں لے پاتے، حکومت سارا کاروبار سود، قرض، خیرات اور امداد پر چلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بھی آئی ایم ایف کے دروازے پر تھے، آج پاکستان سیاسی، معیشت اور اخلاقی طور پر ڈیفالٹ ہونے جارہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ڈی ایم، پی پی، پی ٹی آئی کی وجہ سے ملک قبرستان بن رہا ہے، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی کرپشن میں اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ 14 سال سے سندھ میں پی پی کی حکومت ہے لیکن ترقی نہیں ہوسکی، سیلاب متاثرین کے لئے گھر نہیں، پینے کا پانی نہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ راؤ انوار نے قتل کیے تھے اور وہ بری ہوگیا، یہاں قانون اور پولیس غریب کے خلاف استعمال ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹا، پیٹرول، چینی چور پھر کہتے ہیں کہ ہمیں ووٹ دو، پاناما میں ان پارٹیوں کے نام ہیں جبکہ ہمارا دامن کرپشن سے پاک ہے۔

قومی خبریں سے مزید