پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں دوران نماز ہونے والے خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
عمران خان نے اپنے جاری کردہ بیان میں پشاور کی پولیس لائن کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس لائن پشاور میں نماز کے دوران ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے انٹیلیجنس میں بہتری لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے یہ لازمی ہے کہ ہم اپنی انٹیلی جنس کو مزید بہتر بنائیں اور پولیس کو مناسب انداز میں ضروری ساز و سامان سےلیس کریں۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے بھی پشاور مسجد پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی بحران کے ساتھ دہشت گردی میں بھی خطرناک اضافہ ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے 2 اہلکار شہید جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔