پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری بچوں کی تصویر لے کر عدالت پہنچ گئیں۔
اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حبا چوہدری نے کہا کہ میں اور میرے بچے بہت پریشان ہیں کہ فواد چوہدری کہاں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عدالت نے فوادچوہدری سے ملنے کی اجازت دی لیکن ملنےنہیں دیاگیا۔
فواد چوہدری کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں پتہ فواد چوہدری کس حال میں ہیں اور انہیں کس طرح رکھا جا رہا ہے، میرا ان سے کوئی رابطہ بھی نہیں ہے۔
حبا چوہدری نےکہا کہ میں گزارش کرتی ہوں کہ سپریم کورٹ اور حکومت فوادچوہدری کے معاملے پر نظر ثانی کرے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
اس سے پہلے جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں فواد چوہدری کو پیش کیا گیا تھا۔
فواد چوہدری کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔