پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرے عہدے کی باتیں ہو رہی ہیں، میں عہدوں کی محتاج نہیں ہوں، عوام کی محبت سرمایہ ہے، عوام کی محبت کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں۔
بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے سخت معاہدہ کرکے وعدہ خلافی کی، عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے توڑنے کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے چار سالہ جبر کے دور میں ن لیگی کارکنوں نے وفا نبھائی، نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچایا ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پیٹرول ڈیزل مہنگا کرنے کے پیچھے عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے ہیں، جن حالات سے ملک گزرا ہے شکر کرنا چاہیے کہ پاکستان بچ گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پانچ کے ٹولے نے ملک کو لوٹا، آج سب کے نام لوں گی، کھوسہ، ڈیم والے بابا، عمران اور اس کی دو بیساکھیوں نے ملک کو لوٹا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے جب سے اقتدار سنبھالا مخالفین نے سمجھ لیا کہ ن لیگ خاموش ہوگئی، جب سے اقتدار سنبھالا مخالفین نے سمجھ لیا کہ ن لیگ شاید کمزور ہوگئی، تم نے جتنے میدان میں چکر لگانے تھے لگا لیے اب ن لیگ کی باری ہے، نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ کے جلسوں کا آغاز بہاولپور سے ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ پشاور دھماکے میں شہید اور زخمی افراد کیلئے دعاگو ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، گیس بجلی، روٹی مہنگی ہے، مجھے ملک میں مہنگائی کا احساس ہے دلی تکلیف ہے، ملک میں مہنگائی پر نواز شریف لندن میں پریشان ہیں۔
مریم نواز نے بہاولپور جلسے میں ہاتھ اٹھا کر شرکاء سے حلف بھی لیا۔