• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثانیہ مرزا، فلک شبیر کی کس خوبی سے متاثر ہوئیں؟

فوٹو، اسکرین گریب
فوٹو، اسکرین گریب

پاکستان میوزِک انڈسٹری کے معروف گلوکار فلک شبیر کے خیالات نے بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو متاثر کردیا۔

فلک شبیر نےاپنی اہلیہ، اداکارہ سارہ خان کے ہمراہ پاکستان کی نامور اسٹریمنگ سروس اردو فلکس کےمیوزِکل سیلیبرٹی ٹاک شو ’دی مرزا ملک شو‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔

اُنہوں نے شو میں سارہ خان کے ساتھ اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ہماری شادی کی بات چل رہی تھی تو سارہ کو سب سے زیادہ ڈر اس بات کا تھا کہ شادی کے بعد ان کے پروفیشن پر کسی کو کوئی اعتراض نہ ہو۔


اُنہوں نے کہا کہ میں کیونکہ اپنے کیریئر کے آغاز پر خود کافی مشکل دور سے گزرا ہوں اور خوش قسمتی سے سارہ کو اس طرح کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس لیے میں یہ چاہتا ہوں کہ جس انسان کو اللّٰہ نے اتنی عزت دی ہے اور اتنے سارے لوگ اس سے محبت کرنے والے ہیں اور آپ اس انسان کو کہیں کہ یار تم اب گھر بیٹھ جاؤ، یہ بالکل ایسے ہی جیسے ایک لڑکی محنت کرکے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرتی ہے مگر آپ اسے میڈیکل کو پریکٹس نہیں کرنے دیتے اور گھر بیٹھا دیتے ہیں۔

فلک شبیر نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ اس لیے میں نے سارہ کو کام کرنے سے نہیں روکا، مجھے ان کے پروفیشن سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اگر یہ خوش ہیں تو میں خوش ہوں۔

شو کی میزبان ثانیہ مرزا یہ خیالات سن کر بہت متاثر ہوئیں اور کہا کہ آپ تو ایک مثالی شوہر ہیں اور شو کے اس حصّے کو بار بار دِکھانا چاہیئے تاکہ اور لوگ آپ سے سیکھ سکیں۔

فلک شبیر نے تعریف کرنے پر ثانیہ مرزا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کی نظرِ کرم ہے کہ آپ نے میری تعریف کی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہر شوہر کو ایسا ہی ہونا چاہیئے۔

اُنہوں نے کہا کہ کچھ لڑکیاں ہمارے معاشرے میں ایسی بھی ہیں جو گھر سے باہر جا کر کام نہیں کرنا چاہتیں  تواگر کوئی لڑکی خود گھر پر رہنا چاہتی ہے تو یہ اس کا اپنا انتخاب ہے اور اس صورت میں بھی اس کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیئے۔

ثانیہ مرزا نے فلک شبیر کی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بالکل یہ ان لڑکیوں کا اپنا انتخاب ہے۔

 


انٹرٹینمنٹ سے مزید