پاک بھارت کشیدگی کے دوران بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی ایک پرانی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں وہ پاکستان کے حق میں مؤقف اختیار کرتے نظر آتے ہیں۔
اس وائرل ویڈیو میں سلمان خان واضح طور پر کہتے ہیں کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ملک ہے، ہر واقعے کے فوراً بعد الزام دینا دانشمندی نہیں، ہمیں سوچنا ہوگا کہ اصل مسائل کیا ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتا، قرآن یا کوئی اسلامی تعلیم بے گناہوں کو مارنے کی اجازت نہیں دیتی۔
یہ ویڈیو ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب پلوامہ طرز کے ایک اور واقعے پہلگام حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شدید تناؤ اور جنگی کارروائیوں کے بعد سیز فائر کا اعلان کیا گیا۔
سلمان خان نے حالیہ سیز فائر کے بعد انسٹاگرام پر ایک شکرانے کا پیغام بھی پوسٹ کیا تھا جو بعد میں ہٹا دیا گیا، جس پر بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی انٹرنیٹ دو دھڑوں میں تقسیم ہوگیا، پاکستانی صارفین نے سلمان خان کے بیان کو حق گوئی قرار دیتے ہوئے ان کی جرات کو سراہا جبکہ بھارتی شدت پسند حلقوں نے انہیں غدار تک کہہ دیا اور ان پر تنقید کے تیر برسا دیے۔