• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کے پارک میں لڑکی سے زیادتی کے مرکزی ملزم کا اسکیچ تیار

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں مبینہ زیادتی کا شکار لڑکی کی مدد سے پولیس نے مرکزی ملزم کا اسکیچ تیار کر لیا۔

پولیس کے مطابق اسکیچ 80 فیصد ملزم سے مشابہت رکھتا ہے، جو تمام تھانوں کو جاری کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم کی عمر 35 سال ہے، جس کا رنگ سانولا اور قد 6 فٹ کے قریب ہے۔

پولیس کی جانب سے مشکوک افراد کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

مسلح افراد نے لڑکی سے زیادتی کی

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں مسلح افراد نے لڑکی سے مبینہ طور پر زیادتی کا شکار بنایا تھا۔

لڑکی ہوا خوری کے لیے دوست کے ساتھ پارک آئی تھی، جسے مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا اور دوست کو الگ لے گئے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

ملزمان نے لڑکی کی جانب سے شور کرنے پر اسے تھپڑ مارے اور درختوں کے جھنڈ میں لے جا کر تشدد کر کے اس کے کپڑے پھاڑ ڈالے اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔

زیادتی کے بعد کپڑے دور پھینک دیے: متاثرہ لڑکی کا بیان

پولیس کو دیے گئے بیان میں متاثرہ لڑکی نے بتایا ہے کہ2 حملہ آوروں نے زیادتی کی، زیادتی کے بعد کپڑے دور پھینک دیے تاکہ وہ بھاگ نہ سکے، حملہ آوروں کو دہائیاں دیں، پر وہ باز نہیں آئے۔

ڈاکٹرز کے مطابق لڑکی کے جسم پر زیادتی کے نشانات ہیں۔

ملزمان نے کہا شام میں پارک نہ آیا کرو

ملزمان نے زیادتی کے بعد لڑکی سے کہا کہ شام کے وقت پارک نہیں آیا کرو۔

مارگلہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا جبکہ سی سی ٹی وی ویڈیو کے ذریعے ملزمان کی تلاش جاری ہے، پارک کے عملے کو بھی شاملِ تفتیش کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون کا پمز اسپتال میں میڈیکل کروایا گیا ہے، سیمپل فارنزک لیبارٹری ارسال کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پمز اسپتال میں متاثرہ لڑکی کا طبی معائنہ کروایا گیا، میڈیکل رپورٹ میں متاثرہ خاتون کی ٹانگ اور چہرے پرخراشوں کے نشانات پائے گئے۔

پمز ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی کے میڈیکل کے نمونے فارنزک سائنس لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق اسپیشل یونٹ انسداد جنسی جرائم تفتیش کر رہا ہے، تفتیش کی نگرانی سی پی او آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق وقوعہ کے وقت پارک میں موجود لوگوں اور انتظامیہ سے پوچھ گچھ بھی جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید