وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر تنازع پر بھارت کو سنجیدگی دکھانے کی ضرورت ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر احسن اقبال نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی اور خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیر کا تنازع حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ بھارت کو کشمیر تنازع پر سنجیدگی دکھانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارت طاقت کے بل پر کشمیریوں کی جدوجہد کو کچل نہیں سکتا۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے ہر فورم پر کشمیر تنازع کو اجاگر کیا، بھارت بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے ان پرعمل درآمد کرے۔
انہوں نے کہا کہ باہمی تنازعات حل کر کے ہی خطہ میں معاشی ترقی اور خوشحالی آسکتی ہے۔