امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتوں کے پاس کشمیر کی آزادی کے لیے کوئی منصوبہ نہیں۔
اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم آج پوری قوم نے دہرایا۔
انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری قوم 200 سال سے آزادی کےلیے تڑپ رہی ہے، انگریز نے کشمیری قوم کو گلاب سنگھ کے ہاتھوں فروخت کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ روزانہ 3 کشمیری نوجوان اوسطا شہید ہو رہے ہیں، اب تک 2 لاکھ کشمیری شہید ہوچکے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ ہے، کشمیر میں نوجوان ماؤں کے سامنے قتل اور نوجوانوں کے سامنے ماؤں بہنوں کی عصمت دری کی گئی۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ کشمیری بزرگوں نے اپنے بچوں کو آزادی، شہادت اور جہاد کا درس دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے چھوٹے سے خطے میں 9 لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج موجود ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی کشمیر کے حق میں قراردادوں پر سب اندھے گونگے بہرے ہیں، پاکستان کے حکمرانوں نے اپنے فرض اور حق ادا نہیں کیا۔