• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈریسنگ روم میں مٹن کڑھائی کھاتے محمد شامی پر روی شاستری برس پڑے تھے

کولاج فوٹو: فائل
کولاج فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فلیڈنگ کوچ راماکرشنن سری دھر نے انکشاف کیا ہے کہ ڈریسنگ روم میں مٹن کڑھائی کھاتے محمد شامی پر اس وقت کے ہیڈ کوچ روی شاستری غصہ ہوگئے تھے۔ 

سابق فلیڈنگ کوچ نے اپنی کتاب ’کوچنک بیونڈ: مائی ڈیز ود انڈین کرکٹ ٹیم‘ میں کھلاڑی کو حوصلہ دینے والا دلچسپ واقعہ تحریر کیا۔ 

آر سری دھر نے کتاب میں لکھا کہ 2018 کے دورہ جنوبی افریقہ کے آخری ٹیسٹ میچ میں جب ہوم ٹیم جیت کی پوزیشن میں آگئی تو آخری روز کھانے کے وقفے کے دوران محمد شامی مٹن کڑھائی کھا رہے تھے کہ روی شاستری ان پر آگ بگولہ ہوگئے۔ 

انہوں نے لکھا کہ محمد شامی ڈریسنگ روم میں جب کھانا کھا رہے تھے تو انہوں نے اپنی پلیٹ چاول اور مٹن کڑھائی سے بھرلی۔ پلیٹ دیکھ کر ہیڈ کوچ چلانے لگے اور کہا ’بلڈی ہیل، تم اپنی ساری بھوک یہیں مٹاؤ گے یا کچھ وکٹیں لینے کے لیے بھی بچاؤ گے؟‘

آر سری دھر نے محمد شامی کا جواب تحریر کیا کہ ’’محمد شامی نے کہا کہ ’ہاں ہاں یہاں بھی کھاؤں گا اور ادھر بھی کھا لوں گا۔‘‘

انہوں نے لکھا کہ ’لنچ سے قبل شامی نے صرف ایک وکٹ لی ہوئی تھی، دن کا اختتام بھارت کی 63 رنز کے ساتھ کامیابی کی صورت میں ہوا جس میں محمد شامی نے آخری اننگز میں 28 رنز دے کر پانچ وکٹیں لی تھیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید