• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈین ایئرفورس نے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد الزامات کا بھانڈا پھوڑ دیا

لاہور (خالد محمود خالد) ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے بھارتی امدادی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہ دینے کے حوالے سے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد الزامات پر مبنی پراپیگنڈہ کا بھانڈا بھارتی ایئرفورس کے حکام نے خود ہی پھوڑ دیا۔ بھارتی ایئر فورس کے ترجمان نے واضح کردیا کہ کسی بھی دوسرے ملک کی فضائی حدود کے استعمال کے لئے پہلے سے طے شدہ بین الاقوامی اسٹینڈرڈز پر عمل کرتے ہوئے بھارتی ائرفورس کےامدادی طیاروں نے ترکیہ جانے کے لئے پاکستانی فضائی حدود کی بجائے گجرات کی طرف سے طویل راستہ اختیار کیا گیا جب کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے پاکستان کے خلاف جو پراپیگنڈہ کیا گیاوہ درست نہیں اور نہ ہی اس میں کوئی حقیقت ہے۔ دریں اثناء پاکستان سول ایوی ایشن کے ایک انتہائی سینئر افسر نے جنگ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی ملک کی سول فلائٹس کے لئے دوسرے ملک کی فضائی حدود استعمال کرنے کے لئے بین الاقوامی قوانین پہلے سے طے شدہ ہیں اور کوئی بھی ملک دوسرے ملک کے سول طیاروں کو نہیں روکتا لیکن ائرفورس کے طیاروں یا خصوصی فلائٹس کے لئے دوسرے ملک کی اجازت سے ہی اس کی فضائی حدود استعمال کی جاسکتی ہے۔ مذکورہ آفیسر نے اس بات کی تصدیق کی کہ بھارتی ائرفورس نے امدادی طیاروں کو ترکی جانے کے لئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت ہی نہیں مانگی جب کہ بھارت اگر اجازت مانگتا تو پاکستان کسی بھی صورت میں انکار نہیں کرسکتا تھا۔

دنیا بھر سے سے مزید