پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ سیاسی معاملات پر عدالتوں کے تبصرے قومی مفاد میں نہیں ہیں۔ چیف جسٹس کا آج کا تبصرہ عمران خان کے موقف کو تقویت پہنچاتا ہے۔
اپنے بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ چیف جسٹس نے آج ایک سماعت کے دوران کہا تھا کہ "ملکی مسائل کا حل عوامی فیصلے سے ممکن ہے۔"
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے یہ بھی کہا تھا کہ "موجودہ پارلیمنٹ کو جان بوجھ کر نامکمل رکھا جا رہا ہے، جس سے پارلیمنٹ کی قانون سازی متنازع ہو رہی ہے"۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اکثریت کھو کر ایک وزیراعظم عہدے پر نہ رہے اور حامیوں سمیت مستعفی ہوجائے تو اسمبلی کو اس کے سیاسی حربے کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ قومی اسمبلی آج بھی آئینی طور پر ہر طرح کی قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی حدود میں مداخلت پہلے ہی جمہوریت کو بہت نقصان پہنچا چکی ہے۔