پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسپیکر 43 ارکان کو قومی اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کی فوری دعوت دیں، اسپیکر فرار ہوگئے کل اسمبلی سیشن ہی ختم کر دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کیا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ارکان قومی اسمبلی بحال ہو چکے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کے اندر کافی آوازیں اٹھنی شروع ہوگئی ہیں، کیپٹن صفدر کی بات میں وزن ہے، ہمیں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ امریکا، سعودی عرب اور چین سمیت تمام ممالک سے قریبی تعلقات کے حامی ہیں، یہ ہرگز نہیں ہو سکتا کہ قریبی دوست بتائے پاکستان میں حکومت کس کی ہو گی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 43 ارکان کے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواستوں پر حکم امتناعی کا عبوری تحریری حکم جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کا ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن 7 مارچ تک معطل رہے گا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو ان نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے سے بھی روک دیا۔