• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’شیطان مرگیا‘ کے تبصرے پر سندھیا کا تنوشری دتہ کا ساتھ دینے کا اعلان

کولاج فوٹو: فائل
کولاج فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر کی اچانک موت کے بعد شوبز انڈسٹری میں ماضی کے ’می ٹو‘ تنازعات ایک بار پھر سر اٹھانے لگے، جہاں تنوشری دتہ کے تبصرے کے بعد سندھیا مریدول بھی میدان میں آگئیں۔

اداکارہ سندھیا مریدول نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’کیا کوئی شخص مرنے کے بعد ظالم یا متشدد نہیں رہتا؟ کیا اس کی پہنچائی گئی تکلیف ختم ہو جاتی ہے؟ مظلوم کے لیے یہ تکلیف زندگی بھر رہتی ہے اور میں ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑی رہوں گی۔‘

خیال رہے کہ نانا پاٹیکر کی موت کی خبر پر تنوشری نے انسٹاگرام پر لکھا تھا، ’شیطان مر گیا اور امید ہے کہ میری زندگی اب بہتر راستے پر گامزن ہوگی۔‘

اس کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو میں کہا کہ وہ لکھنؤ اپنے شو کے لیے جا رہی ہیں اور میڈیا کی جانب سے صرف اس خبر پر توجہ دینے کی وجہ سے ان کا دن متاثر ہو رہا ہے۔

تنوشری دتہ نے 2008ء کی فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کے سیٹ پر نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے، جسے نانا نے سختی سے مسترد کر دیا تھا۔

پولیس نے 2019ء میں عدم ثبوت کی بنیاد پر اور 2025ء میں ممبئی کی عدالت نے قانونی میعاد ختم ہونے پر یہ کیس خارج کردیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید