وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ضیاء محی الدین اپنی ذات میں ایک فن پارہ تھے، ان کے مخصوص انداز نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں دھوم مچائی، ان کی آواز ہمارے ذہن میں ہمیشہ گونجتی رہے گی۔
عالمی شہرت یافتہ معروف ہدایت کار، صدا کار، اداکار اور میزبان ضیاء محی الدین کے انتقال پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ افسوس ہے کہ کئی خوبصورت خوبیوں کا مالک شخص معاشرے سے کوچ کر گیا، ضیاء محی الدین کی صلاحیتوں اور ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے، آمین۔
ضیاء محی الدین کے انتقال پر وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے اظہارِ افسوس کیا ہے۔
انہوں نے مرحوم ہدایت کار، صدا کار، اداکار اور میزبان ضیاء محی الدین کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے ضیاء محی الدین کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک لیجنڈ آرٹسٹ تھے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ضیاء محی الدین کے انتقال پر دلی صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ضیاء محی الدین ورسٹائل آرٹسٹ تھے۔
جاری کیے گئے تعزیتی بیان میں انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
نگراں وزیرِ اطلاعات پنجاب عامر میر نے ضیاء محی الدین کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ضیاء محی الدین بہترین میزبان، صداکار، اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تھے۔
عالمی شہرت یافتہ معروف ہدایت کار، صدا کار، اداکار اور میزبان ضیاء محی الدین کراچی میں91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ضیاء محی الدین طبیعت کی ناسازی کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔