تنازعات میں گِھری رہنے والی بالی ووڈ کی آئٹم گرل راکھی ساونت کے شوہر عادل خان درانی بھی تنازعات کا شکار ہوگئے۔ ایرانی نژاد لڑکی نے ان کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کروا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت کے شوہر عادل کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، ان کے خلاف بھارتی شہر میسور میں زیادتی کا مقدمہ درج کروانے ایرانی نژاد بھارتی طالبہ تھانے پہنچ گئیں۔
ایرانی طالبہ کے مطابق عادل خان نے اسے شادی کے بہانے 5 ماہ تک زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر شادی سے انکار کر دیا۔
ایرانی نژاد طالبہ نے مقدمے میں لکھوایا ہے کہ عادل خان کے مطابق اس کے دیگر لڑکیوں کے ساتھ بھی اس نوعیت کے تعلقات ہیں۔
لڑکی کا یہ بھی کہنا ہے کہ شادی پر زور دینے کے نتیجے میں عادل نے اسے قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
یاد رہے کہ عادل خان درانی اپنی بیوی راکھی ساونت کی طرف سے فراڈ اور گھریلو تشدد کے الزامات میں پہلے ہی جیل میں ہیں اور ان کے خلاف خاتون نے ریپ کی ایف آئی آر درج کرائی ہے۔