• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام تر ہمدردیاں ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں، وزیراعظم

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان سے امدادی سامان ترکیہ بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے، ہولناک زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستانی قوم افسردہ ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے سفارتخانے کے دورے کے موقع پر کیا،  اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزراء بلاول بھٹو، اعظم نذیر تارڑ اور ایاز صادق بھی موجود تھے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ترکیہ بھیجے گئے امدادی سامان میں خیمے، کمبل، گرم کپڑے اور دیگر اشیاء ضروریہ شامل ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹرینوں کے ذریعے بھی امداد کی فراہمی پر غور کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اور ترکیہ میں سفیر روز صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں، زلزلہ متاثرین کی بحالی تک ترک بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترک حکومت نے 2005 کے زلزلہ، 2010 اور حالیہ سیلاب میں پاکستان میں بھرپور مدد کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ترک بھائیوں کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان کا نجی و سرکاری شعبہ زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے تیار ہے۔

ترک سفیر کہنا تھا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے شانہ بشانہ کھڑا ہے، پاک فوج، این جی اوز اور مخیر حضرات امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید