کیا ہو اگر آپ صبح سو کر اٹھیں اور آپ کے اکاؤنٹ میں چند ہزار نہیں، لاکھوں نہیں، کروڑوں بھی نہیں بلکہ اربوں، کھربوں روپے اچانک موصول ہوجائیں تو آپ کیا کریں گے؟
ایسا ہی کچھ ہوا بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں دنکور کے رہائشی 20 سالہ دیپال سنگھ کے ساتھ، یکم اگست کو اچانک دیپال کی آنجہانی والدہ کے اکاؤنٹ میں اتنی خطیر رقم موصول ہوئی کہ ان کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 12ویں پاس دیپال سنگھ کا کہنا ہے اکاؤنٹ بیلنس چیک کرنے کے لیے بینک کی ایپ کھولی تو ان کے اکاؤنٹ میں کھربوں روپے موجود تھے۔
مذکورہ بےروزگار شخص کے مطابق اپنے اکاؤنٹ میں کھربوں روپے دیکھنے کے بعد لگا کہ کوئی تکنیکی غلطی ہوگی لیکن بار بار ریفریش کرنے اور پاس ورڈ تبدیل کرنے کے باوجود اکاؤنٹ میں کھربوں روپے بدستور دکھائی دے رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ رقم گننا شروع کی تو 10 ارب کے بعد گنتی نہ آنے کی صورت میں ہاتھ کھڑ کردیے بس اتنا معلوم ہے کہ 37 ہندسوں پر مشتمل رقم اکاؤنٹ میں تھی۔
دیپال سنگھ کا کہنا تھا اتنی خطیر رقم دیکھ کر سوچا کہ کسی دوسرے اکاؤنٹ میں رقم بھیج کر دیکھتا ہوں، 10 ہزار ٹرانسفر کرنے کی کوشش کی مگر نہیں ہوئے، تو معلوم ہوا کہ بینک نے میرا اکاؤنٹ منجمد کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دیپال سنگھ کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ کے مطابق انہیں 10,01,35,60,00,00,00,00,00,01,00,23,56,00,00,00,00,299 کی رقم موصول ہوئی تھی۔