• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سلطان اور کراچی کنگز کے لیے ٹورنامنٹ کے شروع میں دھچکا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کو پاکستان سپر لیگ کے آغاز میں بڑادھچکہ لگا ہے جب ان کے فاسٹ بولر شاہ نواز دھانی اور میر حمزہ ان فٹ ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔گزشتہ شب میچ کے بعد میر حمزہ کو اسکین کے لئے لے جایا گیا تھا، رپورٹ کے بعد میر حمزہ کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کی تصدیق کردی گئی ۔کنگز انتظامیہ متبادل کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی سے درخواست کرے گی۔ ملتان انتظامیہ نے دھانی کی جگہ محمد الیاس کو متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شاہ نوازدھانی نے لکھا کہ اپنی ٹیم ملتان سلطانز کو کچھ عرصے کے لیے چھوڑنے پر بہت غمزدہ ہوں، اپنی انگلی کا آپریشن کرا کر جلد از جلد واپس آؤں گا۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور لکھا ٹیم میں ہر کسی کو بہت یاد کروں گا، خاص طور پر اپنے مداحوں کو، یاد رکھیے گا دھانی جلد ہی واپس لوٹے گا۔ یقین ہے کہ نوجوان بولر احسان اللہ اس سیزن کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑی ہوں گے۔ فاسٹ بولر میر حمزہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے گزشتہ روز میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے اپنے اوور کا کوٹہ بھی مکمل نہیں کیا۔ میر حمزہ کو انگلی میں فریکچر ہے ۔ انہوں نے گذشتہ سال کراچی کنگز کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔