• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا نعمان نعیم

سرورِ کونین، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے معجزات میں سے ایک عظیم معجزہ معراج النبیﷺ ہے۔ یہ ایک روشن حقیقت ہے کہ نبی اکرمﷺ کے اعلان نبوت سے پہلے کے چالیس سالہ دور میں کفار مکہ متفقہ طور پر آپﷺ کو صادق اور امین کے لقب سے پکارتے تھے۔ دیانت کے حوالے سے آپ کے پاس بلا جھجک، بلا خوف و خطر اپنی امانتیں رکھواتے تھے،لیکن جیسے ہی آپ ﷺ نے اپنی عمر کے چالیس سال مکمل فرمائے۔ 

آپﷺ نے بحیثیت محمد رسول اللہﷺ اعلان نبوت فرمایا اور کلمۂ حق کے قبول کرنے کی دعوت دی،یہی مکہ مکرمہ کے رہنے والے یکایک نہ صرف تبدیل ہوگئے، بلکہ آپﷺ کی مخالفت پر زبانی اور عملی طور پر متحد ہو کرآپ ﷺ کی مخالفت میں سامنے آئے ، انہوں نے دشمنی اور ایذا رسانی میں کوئی کسر نہ چھوڑی، مکہ مکرمہ کی سخت گرمی میں جھلسا دینے والی اذیتیں اور شعب ابی طالب کا اذیت ناک بائیکاٹ بھی شامل ہے۔ آپﷺ کے گھرانے میں سے دو افراد ایسے ہیں جنہوں نے نبیﷺ کے ساتھ وفاداری، نصرت و حمایت، حسن سلوک کی بے مثال نظیریں قائم کیں، جن کا سلسلہ اعلان نبوت کے بعد بھی مسلسل دس سال چلتا رہا، لیکن اللہ تعالیٰ کے تکوینی نظام کے مطابق ان کی طبعی عمریں مکمل ہوچکی تھیں اور انہیں اس دنیا سے دار آخرت کی طرف واپس بلالیا گیا۔ 

ان میں سے ایک ہماری اماں حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا ہیں، جنہیں عورتوں میں سب سے پہلی مسلمان ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ دوسرے آپﷺ کے چچا ابو طالب ہیں، انہوں نے آخری وقت تک معاونت میں کوئی کمی نہیں کی۔نبوت کے دسویں سال یکے بعد دیگرے ان دو ہستیوں کا انتقال ہوگیا جو یقیناً ایک بہت بڑا صدمہ تھا، یہی وجہ ہے کہ اس سال کو عامّ الحزن (غم کا سال) قرار دیا گیا۔ ان واقعات کے بعد خالق کائنات نے کائنات کی سب سے مقدس، سب سے اعظم، سب سے ارفع،سب کے سردار، سب سے زیادہ محبوب ہستی رحمۃ للعالمین ﷺ کو ملائے اعلیٰ کی سیر کرانے، عالم آخرت کو دکھانے اور بالمشافہ اپنی زیارت و ملاقات کرانے کے لیے معراج کے اعزاز و اکرام سے مالامال فرمایا۔ معراج کا یہ سفر قرآن مقدس اور احادیث مبارکہ سے ثابت ہے (جس کا جھٹلانا محال اور ناممکن ہے)معراج کا یہ سفر بالتحقیق آپﷺ کو بے داری کے عالم میں بقائم ہوش و حواس جسم اطہر کے ساتھ کرایا گیا۔

یہ بات انسان کی فطرت میں ہے کہ جب انسان اپنے علاقے سے نکل کر کہیں سفر پر جاتا ہے تو واپسی پر اپنے متعلقین کے لیے ان کی مناسبت اور پسند کا لحاظ کرتے ہوئے کسی نہ کسی بہترین سے بہترین، دیدہ زیب، قابل فخر تحفے کا انتخاب کرتا ہے، بحفاظت لاکر متعلقین تک پہنچا کر اپنی بھی آنکھیں ٹھنڈی کرتا ہے۔ 

متعلقین سے اپنے محبت بھرے تعلق کا اظہار بھی کرتا ہے اور متعلقین کو قلبی طمانیت، جاں نثاری، ذہنی تاثیر اور چہرے کی کھلکھلاتی، جگمگاتی فرحت کے ساتھ شکریے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ اس انسانی فطرت کے تناظر میں ہمارے نبیﷺ جو اپنی امت کے قیامت تک آنے والے ہر ہر فردِ انسان ہی کے لیے نہیں، بلکہ تمام مخلوقات کے لیے انتہائی شفیق، نہایت مہربان، سراپا رحمت ہی رحمت ہیں، اس مبارک، عظیم اور پر سعادت سفر سے واپسی پر اپنی امت کے ہر بالغ، عاقل مرد و عورت کے لیے ایک عطیۂ خداوندی بطور تحفہ لے کر آئے، رب العالمین جلّ جلالہ کے اپنے بندوں سے تعلق کی معراج دیکھیے کہ اس عطیے کو عطا فرمانے کے لیے رحمۃ للعالمینﷺ کو ملائے اعلیٰ سے اوپر اپنے پاس بلا کر براہ راست بغیر کسی واسطے کے عطا فرمایا۔اس عطیۂ خداوندی کا عربی نام الصّلوٰۃ ہے۔ 

ہماری زبان میں اسے نماز کہتے ہیں۔ یہ ایک ایسا بہترین عمل ہے جسے ہمارے پالنہارنے تفویض فرمایا ہے، جو ہمارے نبیﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، جو فرشتوں کی عبادات کا مجموعہ ہے جو مؤمنین کے لیے یقینی معراج کا درجہ رکھتا ہے جس کی ادائیگی کے دوران اللہ تعالیٰ کی رحمت اور نمازی کے درمیان حائل تمام رکاوٹیں دور ہوجاتی ہیں، جو تمام اہم امور کے انجام بخیر کا کامل و مکمل ذریعہ ہے، جو ہر قسم کی برائی اور ناپسندیدہ کاموں سے مکمل تحفظ کی صلاحیت رکھتا ہے، رزق کی تنگی ہٹا دیے جانے کی ضمانت ہے، چہرے کی رونق بڑھانے کا نسخہ ہے،دل کی ظلمت و کثافت اور بدن کی بیماریوں کا علاج، اللہ تعالیٰ کی رحمت کو کھینچنے، عذاب قبر سے چھٹکارا دلانے، اعمال نامہ سیدھے ہاتھ میں دلوانے، پل صراط پر بجلی کی طرح گزروادینے، بغیر حساب کتاب کے جنت میں داخلہ دلوادینے والا عمل ہے۔ 

نیز محبیّن کے لیے محبوب کے سامنے محبوبانہ طور پر جھکنے اور اپنے عشق کا اظہار کرنے کے حوالے سے اس سے بہترتحفہ، اس سے پہلے نہ تھا،نہ ہوسکا ہے،نہ آئندہ اس کا احتمال ہے۔ نبی اکرمﷺ کے ذریعے جن لوگوں نے براہ راست اس عطیے کو حاصل کیا، انہوں نے اس عطیے کو ایسا حرز جان بنایا کہ تنگی و خوش حالی، بیماری و تندرستی، مصروفیت و فرصت، سفرو حضر، جنگ و امن کسی بھی حال میں اس سے اعراض نہ برتا۔

اسلام میں نماز کی اتنی اہمیت ہے کہ قرآن میں ایک جگہ اللہ تعالیٰ نے نماز کوایمان کہا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’اللہ تعالیٰ تمہارے ایمان ضائع نہ کرے گا۔‘‘(سورۃ البقرہ ) یعنی جو لوگ بیت المقدس کی طرف نماز پڑھتے ہوئے وفات پاگئے، اب خانہ کعبہ کی طرف تحویل قبلہ ہو جانے سے ان کی نمازوں کو اللہ تعالیٰ برباد نہیں کرے گا۔(صحیح بخاری)نماز کو لفظ ’’ایمان‘‘سے تعبیر کرنے کی وجہ یہی ہے کہ اعمال صالحہ (جو ایمان میں داخل ہیں) میں نماز کو اوّلین درجہ حاصل ہے، دیگر اعمال صالحہ کے مقابلے میں نماز کویہ بھی حیثیت حاصل ہے کہ نماز نہ ہونے کی صورت میں اللہ کے نزدیک کوئی بھی نیک عمل قبولیت کا درجہ حاصل نہ کر سکے گا۔ 

ارشادِ نبوی ﷺ ہے: ’’روز قیامت بندے سے (حقوق اللہ میں) سب سے پہلے نماز کے بارے میں پوچھا جائے گا،اگر نماز صحیح طریقے سے ادا کی ہوگی تو وہ کامیاب و کامران ہوگا اور اگر نماز ضایع کی ہو گی تو وہ ناکام و نامراد ہوگا۔(جامع ترمذی) اسلام میں نماز کی اہمیت اور مقام ومرتبہ کا اندازہ اس بات سے بھی ہو تا ہے کہ نبی آخر الزّماں ﷺ نے آخری وقت وصال سے قبل جو وصیت امت کو کی تھی، وہ نماز ہی کی وصیت تھی۔