مقالہ نگار: روبینہ شاد
صفحات: 216، قیمت: 800 روپے
ناشر: رنگِ ادب پبلی کیشنز، کراچی۔
اِس تحقیقی مقالے پر روبینہ شاد کو ’’ایم ایس اردو‘‘ کی ڈگری تفویض کی گئی ہے۔ ڈاکٹر حمیرا اشفاق کی نگرانی میں مکمل ہونے والے اِس تحقیقی مقالے کے لیے اقبال عظیم کے کلیات غزل ’’ماحصل‘‘ کا انتخاب کیا گیا ہے اور ان کی غزلیات کا مطالعہ فکری اور موضوعاتی اعتبار سے کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مقالے کو پانچ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے۔ باب اوّل ’’اقبال عظیم کی غزلوں میں تصوّرِ محبّت‘‘ کے عنوان سے ہے، جس میں اردو غزل کی روایت کا جائزہ لیتے ہوئے اقبال عظیم کی غزلوں میں بیان ہونے والی محبّت کی متنوع کیفیات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ بابِ دوم ’’اقبال عظیم کی غزلوں میں تصوّرِ غم‘‘ کے عنوان سے ہے، اِس میں اُن کی سوانح اور اشعار کی روشنی میں غم کی نوعیت معلوم کرنےکی سعی کی گئی ہے۔
بابِ سوم ’’اقبال عظیم کی غزلوں میں سیاسی وسماجی شعور‘‘ کےعنوان سے ہے اوراُس میں اُن کی غزلیات میں سیاسی و سماجی شعور کا جائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے۔ بابِ چہارم’’ اقبال عظیم کی غزلوں میں خُودداری اور رجائیت‘‘ کے عنوان سے ،جب کہ بابِ پنجم’’ماحصل‘‘ کے عنوان سے ہے، اس میں تحقیقی سوالات کی روشنی میں نتائج مرتّب کرنے کی سعی کی گئی ہے۔ بلامبالغہ یہ کتاب اقبال عظیم کے حوالے سے نہایت معتبر ٹھہرے گی۔ روبینہ شاد نے اُن کی غزلیہ شاعری کا بھرپور انداز میں احاطہ کیا ہے۔ اقبال عظیم کی نعتیہ شاعری بھی نہایت متاثر کُن ہے اور اُن کی بیش تر نعتیں زبانِ زدِخاص وعام ہیں، اِس حوالے سے بھی کوئی کتاب منظرِ عام پر آنی چاہیے۔ کتاب کا پیش لفظ روبینہ شاد نے خود تحریر کیا ہے، جب کہ فلیپ شاعر علی شاعر کی رائے سے آراستہ ہے۔