جھنگ میں 4 روز قبل لاپتا ہونے والی 18 سالہ لڑکی آج ڈی ایچ کیو اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق سلطان کالونی کی رہائشی 18 سالہ لڑکی 4 جون کو گھر سے نکلی تھی اور اس کے بعد لاپتا ہو گئی تھی۔ گزشتہ شام والدین کو فون پر اطلاع ملی کہ ان کی بیٹی ایک نجی اسپتال میں موجود ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ والدین کے پہنچنے سے قبل لڑکی کو نجی اسپتال سے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں وہ رات بھر زیرِ علاج رہی، تاہم آج جانبر نہ ہو سکی۔
پولیس کے مطابق لڑکی کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔
دوسری جانب لڑکی کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف سیٹلائٹ تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تلاش کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔