وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے جیل بھرو تحریک میں خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں وزیر داخلہ کی زیر صدارت ملک میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے تناظر میں صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک کے اصل مقاصد ڈرامہ رچانا، امن وامان کی صورتحال متاثر کرنا اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف شواہد اکٹھے کیے جائیں جبکہ خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف شواہد اکٹھے کرکے عوام کے سامنے لائے جائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے گا، قانون توڑنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے اور اسے ان کے کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں واضح کیا جائے گا۔